نارووال،12 جنوری( اے پی پی) صوبائی وزیر اوقاف پنجاب پیر سعید الحسن شاہ نے نارووال کا دورہ کیا ،دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن ،ڈی پی او حافظ واحد محمود اور محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ ضلع میں جاری پولیو مہم کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر انہوں نے ویگن اسٹینڈ پر محو سفر فیملیز کے ہمراہ پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے ویکسین کے قطرے پلائے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شہریوں کو پولیو مہم کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے اور والدین کو اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے ذرائع ابلاغ کے تعاون سے عوامی شعوری آگاہی کی کاوشیں جاری و ساری رکھیں جائیں ۔
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پولیو مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ حکومت کی طرف سے پولیو مہم کے دوران وسیع پیمانے پر مہیا کی جانے والی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور یہ ا مر یقینی بنایا جائے کہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی ایک بچہ بھی پولیو ویکسین کے قطروں سے محروم نہ رہے۔











