ضلع ملتان میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ٹینڈر طلب کرلئے گئے

56

ملتان، 27جنوری(اے پی پی):ضلع ملتان میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے  ٹینڈر طلب کرلئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں قومی تعمیر کے تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیپ ون کے لئے جاری کئے گئے90 کروڑ میں سے84 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں، سیپ تھری کے منصوبوں کے لئے ٹینڈر کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج اور لوکل گورنمنٹ ترقیاتی پروگرام پر کام جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے کہا سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں  173 منصوبے مکمل ہونگے،ان منصوبوں کے لئے5

ارب 53 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے،

30جون سے قبل تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں۔

عامر خٹک نے کہا کہ منصوبوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے،منصوبے کے ناقص معیار کی شکایت پر متعلقہ محکمے کے افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔

 ڈی سی او نے کہا کہ تمام محکمے ہر 15 دن بعد اپنے آفس میں منصوبوں پر کام کی رفتار جانچنے کے لئے اجلاس منعقد کریں، میپکو اور سوئی گیس کے محکمے منصوبوں پرعمل درآمد تیز کریں۔انہوں  نے کہا

میپکو232 منصوبوں میں سے ابتک صرف124 منصوبے مکمل کر سکی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ میٹرو بس سسٹم کے کمانڈ اینڈ کنٹرول منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔