مظفرگڑھ؛ 2 معصوم بچیوں کو زندہ جلا کر قتل کرنے والا سفاک باپ گرفتار

72

مظفرگڑھ،23جنوری(اے پی پی): تھانہ قریشی کے علاقہ میں 2 معصوم بچیوں کو زندہ جلا کر بے رحمانہ قتل سسرالیوں نے نہیں خود والد ہی سفاک قاتل نکلا، ظالمانہ طریقے سے قتل کرنے کے بعد خود ہی مدعی بن کر سسرالیوں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا تھا۔

 ایس پی انوسٹی گیشن جاوید احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جدید طریقے سے تفتیش کے بعد بچیوں کے والد عبدالحمید کو حراست میں لیکر تفتیش کی گئی،ان کا کہنا تھا کہ بچیوں کے گرفتار والد نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بچیوں کی رضائی پر پٹرول چھڑک کر کوئلوں سے بھری انگیٹھی بچیوں پر انڈیل دی تھی، ملزم اپنی تیسری بیوی کے اہلخانہ یعنی اپنے سسرالیوں کو پھنسانا چاہتا تھا، 7 جنوری کو قتل کے بعد باپ نے اپنے سسرالیوں کیخلاف تھانہ قریشی میں قتل کا مقدمہ درج کروادیا تھا جبکہ ملزم کا اپنے اعترافی بیان میں کہنا تھا کہ سسرالیوں کو پھنسانے کیلئے اس نے خود ہی اپنی سوتی ہوئی دو معصوم بچیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی، پولیس نے سفاک والد کو گرفتار کر کے دہشت گردی عدالت سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔