ملتان؛جنرل بس اسٹینڈ میں واقع پناہ گاہ کی نئی عمارت کی تزئین و آرائش جاری

91

ملتان، 21جنوری(اے پی پی ): جنرل بس اسٹینڈ میں واقع پناہ گاہ کی نئی عمارت کی تزئین و آرائش جاری ہے ۔نئی بلڈنگ میں بجلی ،پانی اور واش رومز کا نظام بحال کر دیا گیا ہے۔ پی ایچ اے کی طرف سے پناہ گاہ کے لان میں گرین گراس لگانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، بلڈنگ کی چار دیواری کی مرمت اور  رنگ و روغن کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت پناہ گاہ کی نئی عمارت کو فعال کرنے بارے جائزہ اجلاس ہوا، چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ٹائیگر فورس کے نمائندے احمد عباس نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا پناہ گاہ کو مسافروں اور بے گھر افراد کے لئے ایک خوبصورت رہائش گاہ میں تبدیل کیا جارہا ہے،پناہ گاہ میں تمام بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

عامر خٹک نے کہا کہ لنگر خانے اور پناہ گاہ کے ایک دوسرے کے  قریب واقع ہونے سے بے گھر افراد کو دوہری سہولت حاصل ہو گی، پناہ گاہ میں انتظامات کو منظم بنانے کے لئے ٹائیگر فورس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔

چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ پی ایچ اے پناہ گاہ کو خوبصورت بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ، پناہ گاہ کی نئی عمارت ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کا بہترین انتخاب ہے ۔انہوں  نے  کہا کہ نئی عمارت میں بے گھر غریب افراد کو سردی اور گرمی میں بہترین سہولیات میسر ہونگی۔