ملتان، 03 جنوری (اے پی پی):سیکرٹری ہاﺅسنگ لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ تونسہ کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی جاری ہے، بستی لنگاہ میں سولر سسٹم کے ذریعے واٹر سپلائی کی سکیم کو فعال کر کے آبادی کے دیرینہ مسائل کو حل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار تونسہ کی تحصیل بستی لنگاہ کے دورہ کے موقع پر کیا ۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ نے سکیم کا افتتاح کیا اور معائنہ کیا ،علاقہ مکینوں کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو صاف پانی کا ٹاسک دے دیا ہے، وہ تمام مقامات جہاں پانی کی سہولت موجود نہیں صاف پانی فراہم کر رہے ہیں۔ صحت ، صفاءاور صاف پانی جیسی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
لیا قت علی چٹھہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے مسلسل دورے کر رہا ہوں،جس سے عوامی مسائل جاننے میں مدد مل رہی ہے، مسائل کے فوری حل کے لیئے مربوط اور جامعہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واسا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت جاری تمام منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جلد مسائل پر قابو پالیں گے مستقبل میں پانی کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے کوشش جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے آفیسران بھی موجود تھے۔











