ملتان، 04 جنوری (اے پی پی ): کمشنر جاوید اختر محمود نے مدنی پارک کا اچانک دورہ کیا ،دورہ کے دوران مدنی پارک کی اپگریڈیشن، معذور بچوں کے کھیل کارنر بنانے اور نئے جاگنگ ٹریک، نئے بینچ، گزیبو، باؤنڈری وال بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ شجرکاری اور سیاحت پر وزیراعظم عمران خان کی خاص توجہ ہے اور شہریوں کی تفریح کیلئے پارکوں کی تزین و آرائش کی جارہی ہے جبکہ شہر میں کسی بھی پارک کو سگنیچر پارک بنا شہریوں کو تحفہ دیں گے۔
کمشنر نے پارک کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کی بھی ہدایت کی ۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ پی ایچ اے کو مالی مستحکم کرنے کیلئے ترقیاتی سکیموں کا ایک فیصد دیا جا رہا ہے۔
چئیرمین پی ایچ اےاعجاز جنجوعہ نے کہا کہ شجرکاری کو قومی ایجنڈا کسی وزیراعظم نے آج تک نہیں بنایا اور کہا شجرکاری سے پاکستان کا امیج بین الاقوامی سطح پر بہتر،معاشی استحکام حاصل ہوگا اورکہا کہ پی ایچ اے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر ریکوری کے اہداف بہتربنارہے ہیں۔
اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ پارکوں کے باہر پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارکوں کی صورتحال بہتر بنانے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد پارکوں کو سموکنگ فری بنادیا گیا ہے اور کہا پبلسٹی اور سرکاری واجبات ادا کرنے والے ٹھیکیداروں کو پبلسٹی کی اجازت دی جائے گی ،ٹھیکوں سے ریکوری بہتر کر کے پی ایچ اے کو قدموں پر کھڑا کریں گے۔











