ملتان 08 جنوری(اے پی پی ): سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر نگرانی کپاس کی بحالی اور بہتر مینجمنٹ کیلئے ملتان میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس تربیتی ورکشاپ میں ملتان ڈویژن سے محکمہ زراعت توسیع،پیسٹ وارننگ اور اڈاپٹیو ریسرچ کے فیلڈ افسران کو کاٹن کیلنڈر2021 کے مطابق سرگرمیاں سرانجام دینے بارے تربیت فراہم کی گئی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ کاٹن کیلنڈر تیار کیا گیا ہے تاکہ سفید مکھی،گلابی سنڈی،تھرپس اور چست تیلہ کو بہتر انداز سے کنٹرول کیا جاسکے۔کاٹن کیلنڈر کی تیاری میں زرعی ماہرین ودیگرمتعلقہ سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت،یونیورسٹیز اور ریسرچ اداروں میں ہونے والی تحقیقات اور بین الاقوامی ایگرانومک پریکٹسزکو مد نظر رکھا گیاہے۔
انہوں نے شرکا سے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاٹن کیلنڈر کے مطابق فصل کی پری و پوسٹ مینجمنٹ سرگرمیاں جاری رکھیں اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کاٹن کیلنڈر میں کپاس کے مفید مشورے سادہ زبان میں مرتب کرکے ہر کاشتکار تک پہنچائے جائیں گے۔
اس سلسلہ میں پرنٹ،الیکٹرانک و سوشل میڈیاکا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ تربیتی پروگراموں میں بھی کاشتکاروں کو کاٹن کیلنڈر کی پرنٹ شدہ کاپیاں فراہم کی جائیں۔سیکرٹری زراعت نے کہا کہ سفید مکھی کے تدارک کیلئے بائیو پیسٹی سائیڈز کے استعمال کو بھی کاٹن کیلنڈر کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ایک لیب بنائی جائے جن میں مفید کیڑوں ٹرائکوگراما اور کرائسوپرلا وغیرہ کی افزائش بڑھا کر کپاس کے ضرررساں کیڑوں پر قابو پایا جاسکے،انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کپاس کی آئندہ فصل کی بہتر پیداوار کا تعلق براہ راست آف سیزن مینجمنٹ مہم سے منسلک ہے۔لہٰذا تمام فیلڈ فارمیشنز گلابی سنڈی اور سفید مکھی کی آف سیزن مینجمنٹ کیلئے کاٹن کیلنڈر پرمکمل عملدرآمد کریں۔











