ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کےدورہ کے موقع پر گفتگو

79

کراچی،29جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورہ کے موقع پر کہی۔ پی بی اے کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا صنعت کی ترقی اور فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار کے بنیادی آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون اور مسلسل رابطوں سے مسائل کا حل ممکن بنایا جائے گا۔ ملاقات کے آغاز میں سیکریٹری جنرل پی بی اے شکیل مسعود نے وزیر اطلاعات کو الیکٹرانک میڈیا صنعت کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ملاقات میں پی بی اے کے دیگر اراکین و عہدیداران میں وائس چیئرمین پی بی اے میر ابراہیم، سلطان لاکھانی، طاہر اے خان، شاہد جمال ناز، آفرین اور سائرہ طاہر شامل تھے۔