اسلام آباد،8جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پولیس کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ گئی ہیں، پولیس افسران کی صلاحیتوں کا امتحان ہے، پولیس افسروں کو صداقت، دیانت اور ذمہ داری کیساتھ رسک لیکر کام کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اور شہداء کی فہرست بھی بہت طویل ہے، ان خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پولیس میں ایس ایس پی کا عہدہ بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ سال، بالخصوص آئندہ چند ماہ بہت اہم ہیں جن میں پولیس کی صلاحیتوں کا امتحان ہے، پولیس کو قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا، لیڈر وہ ہوتا ہے جو بحرانوں اور مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور پردے کے پیچھے دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کو ایسی ہی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا، قوم پولیس کی طرف دیکھ رہی ہے، بدقسمتی سے معاشی حالات اور معاشرتی خرابیوں کا اثر بھی پولیس پر پڑتا ہے اور اس کا کام اور بھی بڑھ جاتا ہے۔
شیخ رشید احمد نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ صداقت، دیانت، شجاعت اور ذمہ داری کیساتھ رسک لیکر کام کریں، یہ ایسی ذمہ داری ہے جس میں رسک لینا پڑتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ پولیس افسروں نے جو تربیت حاصل کی ہے وہ ان کے کام آئے گی۔اس کے علاوہ گراوٹ، تنزلی اور خرابیوں والے سماج کی بہتری کیلئے وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔











