ملتان 8جنوری(اے پی پی ): تعلیمی ادارے کھولنے کے حکومتی اعلان کے بعد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی صفائی کے لئے پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے تمام سکولوں کے اطراف میں زیرو ویسٹ آپریشن کا حکم دیا ہے ۔
ایم ڈی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سکولوں اور کالجوں کے باہر کوئی مٹی اور ملبہ نظر نہیں آنا چاہیے، کورونا وباء کے پیش نظر صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھرپور ذمہ داری نبھائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے قریب موجود کنٹینرز کو متبادل جگہ پر شفٹ کیا جائے۔
فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ویسٹ کنٹینرز کو روزانہ کی بنیاد پر صاف کرایا جائے، تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو گیٹ کے باہر ویسٹ بِن نصب کرنے کا پابند بنایا جائے،سڑکوں پر کوڑا اور کچرا پھینکنے والے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کئے جائیں۔
ایم ڈی کی ہدایت پر تعلیمی اداروں کے اطراف میں صفائی آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔
ملتان پبلک سکول کے باہر مین روڈ پر گرینڈ صفائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے چونگی نمبر9،آفیسرز کالونی، گلگشت کالونی اور نیو ملتان ایریا میں واقع سکولوں کے باہر بھی صفائی جاری ہے پل موج دریا،نواں شہر،رشید آباد اور شاہ رکن عالم کے ایریامیں واقع تعلیمی اداروں کے باہر صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔
ڈسٹرکٹ بار کے کل ہونیوالے الیکشن کے پیش نظرضلع کچہری میں بھی صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ججز اور ضلعی انتظامیہ کے دفاتر،وکلاء چیمبرز اور پارکنگ ایریا کی صفائی جاری و ساری ہے۔











