مولانا فضل الرحمن اور ان کے فرنٹ مینوں کے بعد ان کے بھی فرنٹ مین منظر عام پر آنے لگے ہیں ؛وفاقی وزیر مراد سعید

114

اسلام آباد،13جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور ان کے فرنٹ مینوں کے بعد ان کے بھی فرنٹ مین منظر عام پر آنے لگے ہیں جن کے نام پر اربوں روپے کی جائیدادیں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑا اور ناموس رسالتﷺ کیلئے آواز بلند کی، عمران خان پر تنقید اور یہودی لابی کا راگ الاپنے والے مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے خواہاں تھے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ تین چار ہفتوں سے فضل الرحمن کی جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں اور ان کے فرنٹ مین بھی اسی طرح بے نقاب ہو رہے ہیں جس طرح آصف علی زرداری اور نواز شریف کے فرنٹ مین بے نقاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہم پر یہودی لابی کا الزام لگاتے رہے لیکن جمعیت علماءاسلام کے رہنما مولانا اجمل قادری نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کیلئے نواز شریف کے دور میں بننے والے وفد میں شامل تھے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا اور اقوام متحدہ کی  سلامتی کونسل کے اجلاس میں 54 سال بعد کشمیر کا مقدمہ اس طرح پیش کیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے ناموس رسالتﷺ اور اسلامو فوبیا کے حوالہ سے بھی مدلل گفتگو کی اور کشمیر کے ساتھ فلسطین کا مقدمہ بھی عالمی سطح پر رکھا جس کی وجہ سے اقوام عالم کی نظر میں عمران خان کھٹکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت بھی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے لیکن ان کا یہ واویلا اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم اب زرداری اور نواز شریف کے بعد مولانا فضل الرحمن اور ان کے حواریوں کا بھی چہرہ پہچان چکی ہے، مولانا فضل الرحمن وہی ہیں جو عورت کی حکمرانی کو حرام قرار دیتے تھے اور وہ بعد میں ڈیزل کا کوٹہ لے کر اسی حکمرانی کو حلال قرار دیتے رہے، مولانا نے امریکہ کے ساتھ بھی روابط رکھے اور کہا کہ میری جماعت کا ووٹ آپ کیلئے قابل فروخت ہے، نیٹو سپلائی کے دھرنے میں بھی مولانا فضل الرحمن پیش پیش رہے کیونکہ ان کے ایک فرنٹ مین جو کہ کلاس فور کا ملازم تھا اس نے پانچ تیل کی ٹرالیاں رکھی ہوئی تھیں اور اس کا خالہ زاد بھائی آصف بھی اس کا فرنٹ مین رہا۔

انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم کے جلسے اور جلسیوں کی ناکامی سب کے سامنے ہے اور یہی وجہ ہے کہ مالاکنڈ کرسیاں اٹھا کر کسی گلی میں لے جاتے ہیں اور گفتگو شروع کر دیتے ہیں، فضل الرحمن کے ماموں رئوف ماما کا کردار سامنے آ چکا ہے جس طرح نواز شریف کا داماد بے نقاب ہوا اب مولانا فضل الرحمن کا داماد بھی سامنے آیا ہے، حج کرپشن اور کمیشن کا کیس بھی سامنے لائیں گے جس میں مولانا فضل الرحمن نے اپنے فرنٹ مین عبداﷲ اور ابرار شاہ کے نام پر چار کمپنیاں بناتے ہوئے انہیں حج کا کوٹہ دلایا۔ مولانا فضل الرحمن کا رئوف ماما اور ان کا فرنٹ مین عبداﷲ ڈرائیور شورکوٹ میں 88 کنال زمین، وانڈہ مدد ڈی آئی خان میں ہزار کنال زمین ہے، ماما رئوف کے نوکر نے نواز مسعود سے یہ زمین خریدی، دین محمد کلاس فور کا ملازم ڈیفنس کالونی ڈی آئی خان میں چار کروڑ کے بنگلے کا مالک ہے، عبداﷲ وزیر سول راک میں 400 کنال زمین کا مالک ہے، فرنٹ مین گل ظریف اور دین اسلام کی بھی اربوں روپے کی جائیدادیں اور کمرشل دکانیں ہیں۔ فرنٹ مین نیک بادشاہ کی انڈس کالونی میں ماما کی جائیداد کی ہے، مولانا فضل الرحمن کے ماما اور ماما کے فرنٹ مین نیک بادشاہ کے نام مزید جائیدادیں بھی ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں، فرنٹ مین اشفاق احمد جو کلاس فور کا ملازم ہے اس کی پانچ تیل کی ٹرالیاں ہیں جو نیٹو کی سپلائی کیلئے استعمال ہوتی رہیں، گن مین آصف سپاہی بھی ان کا فرنٹ مین نکلا ہے جس کے نام پر بے نامی زمین ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ایک فرنٹ مین قاری اشرف، فرنٹ مین نیک بادشاہ مسعود، دین پور ڈی آئی خان، فاطمہ ٹائون میں جائیدادیں بناتے رہے، فرنٹ مین دلاور وزیر کے نام، میاں دین مہاجر کے نام گیلانی ٹائون اور ڈی آئی خان شہر میں بنگلے، دین اسلام اور گل ظریف فرنٹ مین کے نام ٹانک روڈ پر 600 کنال زمین جس کی مالیت 40 لاکھ روپے فی کنال ہے، فرنٹ مین حاجی عبدالصمد کے نام 2 کنال کا بنگلہ، فرنٹ مین فضل پٹواری کو بھی استعمال کیا گیا، فرنٹ مین محمد رمضان کی جائیدادیں پہلے ہی منظر عام پر لا چکے ہیں، اس کا بیٹا عمران بھی فرنٹ مین کے طور پر کام کرتا تھا جس نے ایکسیئن پی ڈبلیو ڈی کی ملی بھگت سے ٹینڈر حاصل کئے۔ فرنٹ مین رمضان کا بنوں روڈ پر پلازہ اس کے بیٹے احسان کی ڈی آئی خان تبلیغی مرکز کے سامنے چار کروڑ روپے مالیت کی جائیداد اور شاپنگ مال، فرنٹ مین عید گل مینگل کی موزہ نون اسلام آباد میں ہائوسنگ سوسائٹی جس کی پلاننگ کی جا رہی ہے، بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔

 مراد سعید نے کہا کہ اسلام آباد داخل ہوں تو اس سے پہلے ایک خوبصورت مقام پر پٹرول پمپ کے سامنے دو خالی پلاٹ اور ایک بڑا شاپنگ پلازہ بھی ان کے فرنٹ مین کا ہے، مولانا فضل الرحمن اور اکرم درانی نے چک شہزاد میں تین ارب روپے کی زمین بیچ دی لیکن ابھی بھی اکرم خان درانی کے ساتھ 200 کنال زمین ان کے فرنٹ مینوں کی ہیں۔

 وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ فرنٹ مینوں کی جائیدادیں سامنے آ چکی ہیں، نیب نے انہیں سوالنامہ بھی ارسال کر دیا ہے لیکن مولانا فضل الرحمن نیب کے سوالات کا جواب دینے کی بجائے آئین و قانون سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں لیکن انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے مرحلہ میں دبئی اور قطر کی سرمایہ کاری اور جائیدادوں کی تفصیلات بھی سامنے لائیں گے اور ان کے فرنٹ مین اور گواہ بھی سامنے لائیں گے جو بتائیں گے کہ کتنا پیسہ کہاں لگایا۔