واپڈا،سوئی گیس اور دیگر اداروں اور محکموں سے متعلق  شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنائیں: صوبائی وزیر

65

نارووال،12جنوری ( اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف پیر سعید الحسن شاہ نے ضلعی افسران سے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیرا علی پنجاب سردار عثمان بزدار کی گڈگورننس ،ٹرانسپرنسی اورسروس ڈیلیوری کے ویژن کوعملی جامہ پہناتے ہوئے واپڈا،سوئی گیس اور دیگر اداروں اور محکموں سے متعلق  شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنائیں۔

 یہ ہدایات انہوں نے اپنے دورہ نارووال کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن اور ڈی پی او حافظ واحد محمود کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے اجلاس میں پرائسز ،ترقیاتی اسکیموں ودیگر امور کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ ڈی پی او نارووال نے امن و امان سمیت سول ڈیفنس،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ ،ایم ایس ڈی ایس کیو و دیگرتمام افسران نے اپنے محکموں کی کارکردگی سے صوبائی وزیر اوقاف کوآ گاہ کیا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف نے کہا کہ عوامی مشکلات  ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، کیونکہ عوامی توقعات پر پورا اترنے اورمحکموں کی بہتر کوارڈی نیشن کی بدولت ہی ضلع کی ترقی خوشحالی ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ افسران دلجمعی اور عوامی خدمت کے جذبے  کے ساتھ کام کریں۔ صوبائی وزیر اوقاف پیر سید الحسن شاہ نے ڈپٹی کمشنر  نارووال اور ڈی پی او نارووال کی کارگردگی  پر  اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  افسران ضلع میں انتظامی امور اور  امن و امان قائم رکھنے کے حوالے سے شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں-

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا ضلع بھر میں تجاوزات کے حوالے سے ضلع کو صاف ستھرا،کشادہ اور خوبصورت بنانے کے  عزم کا اظہاربھی کیا، جس پر صوبائی وزیر اوقاف نے ضلعی انتظامیہ کی طر ف سے تجاوزات کے حوالے سے جاری آپریشن کی مکمل تائید کی، اور اس حوالے سے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اے ڈی سی آر عائشہ غضنفر،اسسٹنٹ کمشنر سیدہ تہنیت بخاری،عرفان مارٹن کے علاوہ انڈسٹریز،زراعت،سول ڈیفنس،صحت ،تعلیم،ریسکیو 1122،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ ،آبپاشی،تحصیل و میونسپل کمیٹیز سمیت دیگر محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی-