وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

171

اسلام آباد،14جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ صبح جیہون بیراموف نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کو مقبوضہ علاقے آزاد کرانے پر مبارکباد دی اور آزاد کرائے گئے علاقوں کی تعمیر نو اور ترقی میں پاکستان کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے بہترین دوطرفہ سیاسی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیااور تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے آزاد کرائے گئے علاقوں  کی تعمیر نو اور ترقی کے لئے آذربائجان کی اپیل پر پاکستان کی طرف سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے آذربائجان  کے صدر الہام علیوف  کی طرف سے وزیراعظم کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور نگورنو کاراباخ کے تنازعہ پر پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور جموں وکشمیر کے تنازعہ پر آذربائجان کی طرف سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔