وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ ملتان کے سلسلے میں “ملتان ترقیاتی پیکج” کی تیاریاں شروع

156

ملتان، 2جنوری(اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ ملتان کے سلسلے میں “ملتان ترقیاتی پیکج” کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں۔

ترقیاتی پیکج سے متعلق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹیرین،ممبران اسمبلی اورتمام محکموں کے افسران سمیت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر اور وزیر توانائی ڈاکٹراختر ملک نے بھی شریک ہوئے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان مستقبل کا صوبائی دارالحکومت ہے اور ملتان کاشمار ملک کے  بڑے شہروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا شہر کے مختلف سیکٹرز میں میگا پراجیکٹس شروع کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم کے متوقع دورہ ملتان کے موقع پر میگا ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، ہماری توجہ پورے ضلع کے شہری اور دیہی آبادی کی ترقی پر ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیوریج ملتان شہر کا سب سے سنگین مسئلہ ہے،سیوریج مسئلے کے مستقل حل کے لئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں  نے کہا تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ترقی کی ترجیحات میں شامل کیا جائے۔

وزیر توانائی ڈاکٹراخترملک نے کہا ضلع ملتان کے82 بنیادی مراکز صحت کو سولرانرجی پر منتقل کیا جارہا ہے ، ملتان میں ایک نئے میڈیکل کالج اور آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرنے کے منصوبے کی ضرورت  ہے۔

صوبائی وزیر ندیم قریشی  نے کہا شہر اولیاء میں اسلامک اور نان اسلامک ورثہ کو ترقی دیکر سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہین مارکیٹ میں حکومت کی ملکیت نامکمل پلازہ کی فوری تعمیر مکمل  کرائی جائے۔

صوبائی وزیر قاسم لنگاہ  نے کہا جلالپور پیروالا میں صاف پانی کا میگا پراجیکٹ شروع کیا جائے،شجاع آباد سے جلالپور پیروالا روڈ کی تعمیر پراجیکٹ میں شامل کیا جائے۔

خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ زکریا یونیورسٹی سے بند بوسن تک روڈ کو دورویہ کرنے کا منصوبہ پیکج میں شامل کیا جائے۔ اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ شہر کے سیوریج کے لئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لئے فنڈز حاصل کئے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور مسائل بارے شہر سے باہر واقع حکومت کی ملکیت اراضی پر غلہ منڈی،لوہا مارکیٹ اور ٹمبرمارکیٹ شفٹ کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا شہر میں شامل ہونیوالے نئے علاقوں کے پیش نظر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو مشینری خریداری اور ہیومن ریسورس کی ضرورت ہے اور کہا کہ واسا کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے کنٹریکٹ پر ہیومن ریسورس بھرتی کرنیکی ضرورت ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر ڈوگر نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ،لوہا مارکیٹ،غلہ منڈی،ڈیرہ اڈا سے ویگن اسٹینڈ کو شفٹ کیا جائے گا، ایم ڈی اے سے لودھی کالونی کے راستے نادرن بائی پاس تک روڈ کو کشادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ملتان میں چار ترقیاتی پروگرامز پر عمل جاری ہے،  سیپ پروگرام پر90 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں، سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج پر 60 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام78 کروڑ روپے کی لاگت شروع کیا گیا ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت5ارب73 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔