وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان  بزدار  سے صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی ملاقات

116

لاہور ،12 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم   نے بدھ  کو  یہاں   ملاقات    کی ہے  ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی،سیاسی و اہم امور اور محکمے کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ پرائس کنٹرول کے حوالے سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ کو اپنے محکمے کی کارکردگی اور پرائس کنٹرول کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پرائس کنٹرول کے لئے کئے گئے ا قدامات پر اطمینان کااظہار کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرائس کنٹرول میکنزم پر مزید موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، عوام کا مفاد سب سے پہلے مقدم ہے، کسی کو شہریوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں،قیمتوں کے ساتھ کوالٹی کی بھی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے، ریٹ لسٹ سے زائد اشیاء فروخت کرنے وا لوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں، آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو نکیل ڈالی ہے، صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے، پرائس کنٹرول کمیٹی اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے متحرک ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔