اسلام آباد،11جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کو پاکستانی لیدر کی دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی طلب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاکستانی لیدر اپنے اعلی معیار اور کم لاگت کی بدولت اس وقت دنیا بھر میں مقبول ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی لیدر پر 300 فی صد تک ویلیو ایڈیشن کے بعد اسے دنیا کے مقبول برانڈز کو برآمد کرکے اربوں ڈالر زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان میں بھیڑ، بکری، گائے اور بھینس کا چمڑا اعلی معیار اور وافر مقدار میں تیار کیا جاتا ہے مگر کورونا اور دیگر وجوہات کی بنا پر یہ صنعت اپنے اہداف پورے کرنے میں مشکلات کا شکار ہے۔
وزیرِ اعظم نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ لیدر کی صنعت کو اپنی پوری صلاحیت پر چلانے کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ حکومت کی مثبت معاشی و کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت صنعت کا پہیہ پہلے سے تیز چل رہا ہے جس کی بڑی نشانی بہتر معاشی اعشاریے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسی صنعتیں جو ملک میں ویلیو ایڈڈ برآمدات کا ذریعہ ہیں ان کو فروغ دینے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر حماد اظہر، مشیرِ عبدالرزاق داؤد، معاونِ خصوصی وقار مسعود اور چیئرمین پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن انجم ظفر نے شرکت کی۔











