پشاور،6جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا سے شہید ہونے والے صوبے کے پہلے ڈاکٹر محمد جاوید کے اہل خانہ کو شہدا پیکج کے تحت 70لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔ فرنٹ لائن پر خدمات انجام دیتے ہوئے کورونا سے شہید ہونے والے صوبے کے دیگر ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے ورثا کو بھی اس پیکج کے تحت امداد کی فراہمی پر کام جاری ہے اور عنقریب ان کے ورثا کو امدادی چیکس دئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا سے شہیدڈاکٹر محمد جاوید کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت ان شہدا کے ورثا کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان شہیدوں کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
کورونا وبا میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے اور دیگر اہلکاروں کو اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کی جانیں بچانے کے لئے تمام فرانٹ لائن ورکرز کی خدمات قابل تحسین ہیں اور صوبائی حکومت ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے شہدا کے ورثاکے لئے ہر وقت کھلے رہیں گے وہ خود کو درپیش کسی بھی مسئلے کے لئے ان کے دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔











