وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو

61

اسلام آباد، 27 جنوری ( اےپی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس پارلیمنٹ میں ہوا۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آسیہ اندرابی، ان کے شوہر اور ساتھیوں کے ساتھ ہونیوالے ناروا بھارتی سلوک پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ  یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک، کشمیری راہنما راجہ نجابت بھی اس اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں 2021 میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ ء خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے کرونا ویکسین کے حصول کیلئے وزارتِ خارجہ کی کاوشوں کو سراہا ۔میں نے اقوام متحدہ میں دیے گئے، بھارت کے خلاف دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوتوں پر مشتمل ڈوزئیر کی کاپی بھی چیرمین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ سینیٹر مشاہد حسین سید کو پیش کی۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ڈوزئیر کا معاملہ کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے۔