وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ترک ہم منصب  مولود چاوش اولو    کی ملاقات

106

اسلام آباد،13جنوری  (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو   نے   بدھ  کو یہاں   ملاقات کی   ہے ۔ملاقات میں دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات ،اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے ترک ہم منصب کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی غیر متزلزل حمایت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے ثمرات سے ترک وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او سمیت بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے مابین نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے ۔ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو   نے ترکی کے مختلف امور پر پاکستان کی حمایت اور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں وزارت خارجہ  آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ترک وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ کے لان میں پودا بھی  لگایا ۔