پشاور: سٹریٹ چلڈرن سنٹرز کے بچوں کے لئے فری میڈیکل اور سکرینگ کیمپ کا انعقاد

87

پشاور، 13جنوری(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن پشاور نے صوبہ بھرمیں قائم 16سٹریٹ چلڈرن سنٹرز کے بچوں کے لئے فری میڈیکل اور سکرینگ کیمپ کا انعقاد کیا جس میں انہی سنٹرز میں زیر تعلیم 300 سے زائد بچوں کی ہیلتھ سکرینگ کا عمل مکمل کیاگیا۔ میڈیکل کمیپ کا افتتاح الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص اور ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیر حبیب اللہ عارف نے کیا۔سکرینگ کیمپ میں میڈیکل،ڈینٹل،آئی سمیت دیگر ماہرین کی نگرانی میں بچوں کے مختلف امراض سے متعلق تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے اور بچوں کو دانتوں کی صفائی کے طریقہ سمیت مفت ہائی جین کٹس بھی فراہم کی گئیں۔

ترجمان الخدمت خیبر پختونخوا نور الواحد جدون کے مطابق الخدمت کے تحت پشاور کے 8سنٹرز میں 300سے زائد بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کیا جارہا  ہے  جبکہ صوبہ بھر 750سے زائد بچے الخدمت سٹریٹ سنٹرز میں زیر تعلیم ہیں۔

کیمپ کا انعقاد الخدمت پشاور کے ضلعی صدر ارباب عبد الحسیب اور جنرل سیکرٹری افتخار احمد کی نگرانی میں کیاگیا۔