پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین  دوسرا ٹیسٹ میچ،ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں، ٹریفک پلان جاری

357

راولپنڈی، 31 جنوری ( اے پی پی): پاکستان اور جنوبی افریقہ کے  درمیان  جاری سیریز  کے  دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بذریعہ چارٹرڈ فلائیٹ کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئیں ہیں ۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 4 فروری سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ کل سے راولپنڈی میں ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔

کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پاکستان اور ساوتھ افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران شہریوں کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے ،میچ کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر ڈبل روڈ کو دونوں اطراف سے ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا،اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو ڈبل روڈ سے IJPروڈ پر موڑا جائے گا، فیض آباد سے آنے والی ٹریفک کو مری روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔کرکٹ میچ کے دوران ٹریفک پلان پر عملد ر آمد کروانے کے لیے ٹریفک پولیس کے 303اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ ڈیوٹی کے دوران 1ایس ایس پی ،7ڈی ایس پیز،15انسپکٹر ،215ٹریفک وارڈنزاور65ٹریفک اسسٹنٹس اپنی ڈیوٹی کے فرائض  سر انجام دیں گے۔  سکیورٹی کے پیش نظرمشکوک گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔