پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہماری معیشت میں زارعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے: سردار عبدالحئی خان دستی

53

مظفرگڑھ19جنوری2021(اےپی.پی   ):پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہماری معیشت میں زارعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،شعبہ زراعت کی ترقی اورکسانوں کی فلاح و بہبود وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اولین ترجیح ہے یہ بات صوبائی مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے محکمہ واٹر منیجمنٹ کے زیر اہتمام ضلع مظفرگڑھ کے 44کسانوں کولیزر لینڈ لیولرز کی خریداری پر 1کروڑ 10لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کیلئے قرعہ اندازی کے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ مظفرگڑھ رشید احمد خان چنگوانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ ڈی جی خان حافظ محمد خالد،اسسٹنٹ ڈائریکٹرسید صفدر حسین،اعجاز حسین گورمانی بھی موجود تھے۔صوبائی مشیر زراعت نے کہا کہ حکومت کسانوں کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔کھاد،بیج پر سبسڈی کے ساتھ ساتھ زرعی آلات پر بھی سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور قرعہ اندازی کے عمل کو نہایت شفاف بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے وزیر اعظم پاکستان پر اعتماد کیا ہے مشکل وقت ختم ہو چکا ہے۔اب پاکستان عمران خان کی قیادت میں ترقی کر ے گا اوراب ہم تمام مشکلات سے سر خروہو کر نکلیں گے۔قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے کہا کہ کسان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ خوش نصیب کسان دوسرے کسانوں کو بھی اس لیزر لینڈ لیو لیرز سے فائدہ پہنچائیں تاکہ تمام کسان خوشحال ہوں۔ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ رشید احمد خان چنگوانی نے بتایا کہ قرعہ اندازی کے ذریعے ضلع مظفرگڑھ کے 44خوش نصیب کسانوں کو حکومت پنجاب کی طرف سے لیزر لینڈ لیولرز کی خریداری پر 2لاکھ 50ہزار روپے فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں تحصیل کوٹ ادو کے 18، تحصیل مظفرگڑھ کے 13، تحصیل جتوئی کے 6اور تحصیل علی پور کے 7خوش نصیب کسانوں کو یہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ کسان اپن مرضی سے جس کمپنی کا چاہے لیزر لینڈ لیولر خرید سکتا ہے تاہم خریداری کے سلسلے میں محکمہ واٹر منیجمنٹ سے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیتوں کو اگر ہموار رکھا جائے تو اس سے فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے، پانی اور وقت کی بچت ہوتی ہے۔ تقریب میں صوبائی مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ ڈی جی خان حافظ محمد خالد او ر کسانوں نے خود قرعہ اندازی کی پرچیاں نکالیں۔تقریب میں کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔