پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے؛صوبائی وزیر اسلم اقبال

75

لاہور،26جنوری(اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے،پارٹی منشور کے مطابق گزشتہ اڑھائی سالوں سے لوگوں کی بے لوث خدمت کررہے ہیں۔عوام کی خدمت اور انکی مشکلات کے ازالہ سے دلی سکون ملتا ہے۔

ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر  اسلم اقبال نے  اپنے کیمپ آفس نیو مزنگ آمد کے موقع پر کیا۔انہوں نے پارٹی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں۔صوبائی وزیر نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات  بھی دیں۔

اس موقع پر گفتگو کے دوران اسلم اقبال نے کہا کہ میرے دروازے ہمیشہ عوام کے لئے کھلے ہیں۔جب تک دم میں دم ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔انہوں نے  کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کے دئیےگئے مینڈیٹ کی لاج رکھے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں،کرپشن زدہ سابق حکمرانوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا  کہ وسائل کی لوٹ مار کے ذریعے عوام کی مشکلات بڑھانے والے لٹیروں نے قوم سے دشمنی کی اپوزیشن نے کرپشن میں شہرت پائی، پی ٹی آئی نے عوام کی خدمت میں نام کمایا ہے۔

صوبائی وزیر اسلم اقبال نے کہا کہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے کی سازشیں کرنے والوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔باشعور عوام نے 2018کے انتخابات میں لٹیروں کو عبرت ناک شکست دی ہے۔

صوبائی وزیر اسلم اقبال نے کہا کہ 2023کے انتخابات میں بھی پی ڈی ایم کی چھتری تلے اکھٹے ہونے والے کرپٹ ٹولے کو عوامی محاسبے کا سامنا کرنا پڑے گا۔پاکستان ترقی کے لحاظ سے بدل رہا ہے، بصیرت سے عاری پی ڈی ایم کی قیادت کی سوچ نہیں بدلی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت محروم معشیت طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے پر عزم ہے،غریب عوام کی تقدیر بدلنے کے پروگراموں کیلئے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے۔