پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  سے ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی ملاقات

94

اسلام آباد،18جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،  دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیر فیم ہوانگ کِم سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بہتر کاروباری ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان ویتنام کے شہریوں کیلئے  ای-ویزا اور پاکستان آمد پر ویزا کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ تعاون کو تقویت ملے گی۔ پاکستان ویتنام کی تیز رفتار معاشی ترقی کو سراہتا ہےپاکستان آسیان کے ساتھ فل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کیلئے ویتنام کے تعاون کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے پاکستان اور ویتنام کے مابین دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں پر سفیر کی خدمات کو سراہا۔