پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر سےنیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی ملاقات

146

لاہور، 27 جنوری ( اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں موجود کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔

 پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کو پی ایچ ایف سیکریٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی 21ء کی موخر ہونے کے بعد کھلاڑیوں کے مورال کو برقرار رکھتے ہوئے مرحلہ وار تربیتی کیمپ کو جاری رکھنے اور تربیتی کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن خواجہ جنید نےتربیتی کیمپ اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

 پی ایچ ایف صدر نے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی حکومتی ایس او پیز کا خصوصی طور پر خیال رکھتے ہوئے پریکٹس جاری رکھیں، کویڈ 19 کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایچ ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ کیمپ کے لئے منتخب کھلاڑیوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے تاکہ موثر انداز میں تربیتی کیمپ میں کارکردگی پیش کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنے کھلاڑیوں کو بھرپور انداز میں سپورٹ کرتی رہے گی تاکہ ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی سمیت تمام انٹر نیشنل ایونٹس میں قومی ہاکی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرے۔