ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ  کی  نجکاری کمیشن کو نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹد کی نجکاری/ انتظامی معاہدوں کاعمل تیزکرنے  کی ہدایت

134

اسلام آباد۔4جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے  نجکاری کمیشن کو نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹد کی نجکاری/ انتظامی معاہدوں کاعمل تیزکرنے اورایک ہفتہ کے اندرعمل درآمدکامنصوبہ کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس ضمن میں مزیدپیش رفت کوممکن بنایا جاسکے، وزیرخزانہ نے پاکستان کریڈٹ گارنٹی کمپنی (پی سی جی سی) کے شئیرہولڈنگ سٹرکچر میں تبدیلی سے متعلق   وزارت قانون کو آئندہ اجلاس میں اپنی رائے دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایات پیرکویہاں کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔  اجلاس میں وفاقی وزیرتوانائی عمرایوب خان،وزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود، سرمایہ کاری بورڈکے چئیرمین عاطف بخاری، گورنرسٹیٹ بینک رضاباقر اوریگ سینئرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں نجکاری ڈویژن کی جانب سے نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹد (این پی پی ایم سی ایل) کی نجکاری کی سٹیٹس سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ اجلاس میں کمپنی کی کیپٹل ساخت میں تبدیلی جیسے قرضہ وایکویٹی کے تناسب سے متعلق کئی منظرنامے پیش کئے گئے۔تفصیلی مشاورت کے بعدوزیرخزانہ نے  نجکاری کمیشن کو نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹد کی نجکاری/ انتظامی معاہدوں کاعمل تیزکرنے اورایک ہفتہ کے اندرعمل درآمدکامنصوبہ کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس ضمن میں مزیدپیش رفت کوممکن بنایا جاسکے۔وزیرخزانہ  نے  نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹد کے حوالہ سے ذیلی کمیٹی کے قیام،سفارشات کوحتمی شکل دینے اوراسے کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فنانس ڈویژن کی جانب سے پاکستان کریڈٹ گارنٹی کمپنی (پی سی جی سی) کے شئیرہولڈنگ سٹرکچر میں تبدیلی سے متعلق سمری پیش کی گئی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی گزشتہ سال 24 دسمبرکوہی کمپنی کے شئیرہولڈنگ ساخت میں تبدیلی کی  منظوری کی تائیدکرچکی ہے۔یہ معاملہ وفاقی کابینہ کی توثیق سے قبل مزیدبحث ومباحثہ کیلئے اجلاس میں زیرغورلایاگیا۔ وزیرخزانہ نے وزارت قانون کووزارت خزانہ، وزارت اقتصادی امور اورسٹیٹ بینک سے مشاورت کے بعدآئندہ اجلاس میں اپنی رائے دینے کی ہدایت کی۔