کراچی کے عوام نے ماضی کی پارٹیوں سے تنگ آ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، بنڈل آئی لینڈ سندھ اور کراچی کے عوام کیلئے ہے ، ہم سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  سینیٹر شبلی فراز کی میڈیا سے گفتگو

103

کراچی۔29جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مثالی مینڈیٹ دیا ہے،وزیراعظم عمران خان کراچی کے بارے میں بڑی دلچسپی رکھتے ہیں، بنڈل آئی لینڈ سندھ اور کراچی کے عوام کیلئے ہے اس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت ترقی کرے گی،  چاہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہوں اور ماضی کی طرح اس میں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو۔  جمعہ کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ  پی ڈی ایم سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ صرف ذاتی مفاد کیلئے ڈرامہ رچا رہی ہے،ان کی سمت مختلف ہے اس لئے ان کی منزل ایک نہیں ہو سکتی، پی ڈی ایم کو عوام کی پذیرائی نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی نہ تو کوئی انڈسٹری ہے نہ ہی کاروبار،  کراچی کے عوام نے ماضی کی پارٹیوں سے تنگ آ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کیلئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا تاہم صوبائی حکومت اس میں روڑے اٹکا رہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی مرکز اور سرکا تاج ہے، ماضی کی حکومتوں نے سٹیل ملز سمیت ملکی اداروں کو سیاسی بھرتیوں سے تباہ کیا، سندھ میں اب بھی وہ لوگ کلیدی عہدوں پر فائز ہیں جو کرپشن کیسز میں سزا یافتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں کی پوری کوشش تھی کہ وہ وزیراعظم عمران خان پر دبائو ڈال کر کرپشن کیسز بند کرائیں، مردم شماری ہمارے دور میں نہیں ہوئی، سندھ میں پیدا ہونے والی گیس کا بڑا حصہ سندھ میں ہی استعمال ہوتا ہے ، سندھ میں 1700 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا ہوتی ہے، اس کا 90 فیصد حصہ سندھ میں ہی استعمال ہوتا ہے جبکہ 111 ملین کیوبک فٹ گیس سندھ سے باہر جاتی ہے جو آٹے میں نمک کے برابر ہے۔  انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے حوالہ سے حکومت سندھ کا کردار سب کے سامنے ہے جس نے لاک ڈائون کرکے معاشی بحران پیدا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ  سندھ کے عوام کے نام پر ووٹ لینے والوں نے لاڑکانہ کو کھنڈر بنا دیا جہاں  سڑکیں ہیں نہ گلیاں اور نہ ہی سیوریج کا نظام، ماضی میں اشرافیہ حکومت کرتا رہا اور عوام کا خون چوستا رہا، سندھ حکومت نے اپنے حصہ کی گندم جاری نہ کرکے آٹے کا بحران پیدا کیا، بنڈل آئی لینڈ کی ترقی سے سب سے زیادہ فائدہ کراچی اور سندھ کے عوام کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ سے ثابت ہوا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ناجائز جائیدادیں بنائیں، ایسے لوگ جو چوری کا اعتراف کر چکے ہوں وہ اب دوبارہ برسر اقتدار آنے کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے بندر کو پنیر کی رکھوالی پر رکھ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے اسی لئے نیا قانون لایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز سیاسی بھرتیوں سے کنگال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سٹیل ملز کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری پارٹی سندھ میں متحرک ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ تاثر کہ صرف وہی سندھ کی جماعت ہےدرست نہیں، درحقیقت پیپلز پارٹی نے ہی سندھ کو زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کا مقصد یہ تھا کہ صوبوں کا اپنے وسائل پر کنٹرول ہو۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی سطح پر پٹرولیم کی قیمتوں کے اتار چڑھائو سے ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ بنڈل آئی لینڈ اور کراچی پیکیج میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے حالا نکہ یہ منصوبے کراچی اور سندھ کے عوام کیلئے ہیں، اس منصوبہ سے سندھ میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔  انہوں نے کہا کہ ماحولیات کا مسئلہ سامنے لایا گیا حالانکہ ایسا کوئی معاملہ نہیں، وزیراعظم عمران خان نے سرسبز پاکستان کیلئے بلین ٹری کا پراجیکٹ دیا