کرپشن کے  علاوہ  ہر  مسئلے    پر حکومت سیاسی مخالفین سے بات چیت کر سکتی ہے؛ گورنر پنجاب

59

لاہور، 20جنوری(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرپشن کے  علاوہ  ہر  مسئلے    پر حکومت سیاسی مخالفین سے بات چیت کر سکتی ہے،قانون کی بالادستی حکومت کی ذمہ داری ہے جو ہر صورت پوری کی جائے گی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ممبر قومی اسمبلی   طاہر اقبال چوہدری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں گفتگو کے دوران چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرپشن کے  علاوہ    ہر مسئلے   پر حکومت سیاسی مخالفین سے بات چیت کر سکتی ہے، پی ڈی ایم احتجاجی مظاہروں کی سینچری بھی مکمل کر لے تو حکومت جانے والی نہیں ہے۔انہوں   نے کہا کہ  اگرمخالفین سمجھتے ہیں کہ   احتجاج سے حکومت ان کے دباؤ میں آئے گی تو یہ کبھی نہیں ہوگا،پی ڈی ایم احتجاج کی دھمکی سے حکومت کو کبھی بلیک میل نہیں کر سکتی ہے ۔

گورنر چوہدری محمدسرور  نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے اپوزیشن کے احتجاج کو عوام نے مسترد کردیا ہے، پی ڈی ایم کی احتجاج کی ضد کسی صورت ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی حکومت کی ذمہ داری ہے جو ہر صورت پوری کی جائے گی ،عمران خان بھی بطور وزیراعظم اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔