گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت  جیمزسٹون ڈیلرزاور انٹرنیشل برانڈزلمیٹڈکے چیف ایگزیکٹوآفیسر کا مشترکہ اجلاس

86

پشاور،6جنوری  (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کی زیرصدارت صوبے کے جیمزسٹون ڈیلرزاور انٹرنیشل برانڈزلمیٹیڈ(آئی بی ایل)کے چیف ایگزیکٹوآفیسر کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں جیمزسٹون(قیمتی پتھروں)کی استعداد واہمیت اور جیمزسٹون انڈسٹری کوعالمی مارکیٹ کے معیارکے مطابق استعمال میں لانے سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔

 اجلاس کوبتایاگیاکہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی استعداد کے باوجود گلوبل مارکیٹ میں ان پتھروں کی پہچان نہیں ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر سرٹیفائیڈاورتصدیق شدہ نہ ہوناہے۔ اجلاس میں اس بات پراتفاق کیاگیاکہ پاکستانی بالخصوص خیبرپختونخوا کوقیمتی پتھروں کی عالمی سطح پر پذیرائی اور پہچان کیلئے عالمی معیارکیمطابق ٹیسٹنگ،کٹنگ اورپالشنگ کیلئے ایک لیبارٹری کاقیام اشد ضروری ہے تاکہ پاکستان میں مضبوط قیمتی پتھروں کو سرٹیفائیڈاورتصدیق شدہ بنایاجاسکے۔

 اس موقع پر انٹرنیشنل برانڈزلمیٹڈنے عالمی شہرت کے حامل ایچ آر ڈی کے تعاون سے پاکستان میں قیمتی پتھروں کے خام مال سے لیکر کٹنگ اور پالشنگ کیلئے لیبارٹری کے قیام میں دلچسپی کا اظہارکیا،جس سے ان قیمتی پتھروں کوعالمی سطح پر سرٹیفائیڈاورتصدیق شدہ بنایاجاسکے گا۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ پاکستانی پتھروں کے سرٹیفائیڈ اور تصدیق شدہ نہ ہونے سے جیمزسٹون انڈسٹری انتہائی خسارے کا شکار ہے اور مذکورہ قیمتی پتھروں کویہاں سے اونے پونے داموں خرید کر دوسرے ملکوں میں تصدیق شدہ بناکر گلوبل مارکیٹ کے مطابق فروخت کیاجاتاہے۔

 اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا نے آئی بی ایل کی جانب سے  ایچ آر ڈی کے تعاون سے  جیمزسٹون کی ٹسٹنگ،کٹنگ اور پالشنگ لیبارٹری کے قیام کی  تجویز کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا قیمتی نایاب پتھروں کے حوالے سے انتہائی استعداد کا حامل ہے لیکن بدقسمتی سے ہماری جیمز انڈسٹری ملکی معیشت میں عالمی معیارکے مطابق کردار ادا نہیں کرسکی جس کی واحد وجہ ہمارے قیمتی پتھروں کا عالمی سطح پر سرٹیفائیڈاورتصدیق شدہ نہ ہوناہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ جیمز انڈسٹری کے شعبے کوعالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ہمارے ملک کی اقتصادی ترقی ممکن ہوسکے گی بلکہ اس شعبے سے وابستہ تاجروں اورسرمایہ کاروں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا اور کاروبار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

 اجلاس میں پاکستان میں بیلجیم ایمبیسی کے ٹریڈکمشنرعابدحسین کے علاوہ پرائم منسٹرٹاسک فورس برائے جیمزسٹون کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔