ریلوے کی ترقی سے ملک میں نئے معاشی دور کا آغاز ہو سکتا ہے ؛وفاقی وزیر ریلوے  اعظم خان سواتی

58

کراچی، 06جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا دارومدار ریلوے کی ترقی سے ہے اور ریلوے کی ترقی سے ملک میں نئے معاشی دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔

بدھ کو یہاں  ایک  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی  نے کہا کہ تمام تر وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔انہوں نے مسافر ٹرینوں کی وقت کی پابندی پر سختی سے ہدایات جاری کیں تاکہ عوام میں ریلوے کے متعلق بہتر تاثر قائم ہو۔انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کے وہ مالی اہداف کا حصول یقینی بنانے کے لیئے دن رات محنت اور لگن سے کام کریں۔

اجلاس  میں وفاقی وزیر ریلوے کو کراچی ڈویژن کی پر فارمنس کے متعلق بالخصوص فریٹ سروس اور کے سی آر بحالی منصوبے پر جامع بریفنگ دی گئی اور وزیر ریلوے کو کورٹ کیسز سے متعلق بھی آگاہی دی گئی۔

اجلاس میں سی ای او ریلویز نثار میمن، اے جی ایم ٹریفک سید مظہر علی شاہ، ڈی ایس کراچی ارشد سلام خٹک اور تمام ڈویژنل افسران موجود تھے۔