لاہور، 19 جنوری (اے پی پی) : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی نے ملاقات کی، صداقت عباسی نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پہلے منصوبے کے آغاز پر گورنر پنجاب کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں پر دباؤ بڑھانے کا اپوزیشن کا منصوبہ ایک بار پھر ناکام ہوگا، اداروں کوریموٹ کنٹرول سے چلانے کا دور گزر چکا ہے ، اب ادارے آزاد ہیں، اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم انصاف پر مبنی نہیں ،مرضی کے فیصلے چاہتی ہے،الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کا احتجاج ہوگااور ختم ہوجائیگا اور کچھ نہیں، حکومتی مخالفین کی 2023تک حکومت کے خاتمے کی بار بار آس ٹوٹے گی، اپوزیشن اپنی بقا کے لیے سیاسی ماحول کو گرم رکھنا چاہتی ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی چٹان جیسی مضبوط ہے، کوئی شک نہیں کہ تحریک انصاف عوام کے اعتماد اور عمران خان کی جدوجہد سے اقتدار میں ہے، پنجاب آب پاک اتھارٹی سے عوام کو گھر کی دہلیز پر پینے کا صاف پانی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو آگے جبکہ اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے، معاشی میدان میں وہ ترقی ہورہی ہے جسکو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔
ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی نے کہا انشاءاللہ اپوزیشن ناکام ہوگی اور حکومت مدت پوری کرے گی، عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔