وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مصر کا دو  روزہ  دورہ مکمل ، وطن واپسی کے لئے روانہ

124

قاہرہ۔18فروری  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مصر کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپسی  کے لئے روانہ ہوگئے۔جمعرات کو قاہرہ ہوائی اڈے پر پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور شاہ نذر اور  مصری وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے مختصر دورہ ء مصر کے دوران مصر کے صدر عبدالفتح السیسی، وزیر خارجہ سامح شکری، سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں وزیر خارجہ نے افعان امن عمل، کشمیر کی صورتحال اور بھارتی یکطرفہ، غیر آئینی اقدام کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے مصری قیادت کو آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے دفاع، تجارت، تعمیرات اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔مصر میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نے وزیر خارجہ کے اس دورے کو غیر معمولی کوریج دی جس سے اس دورے کی اہمیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔