پشتو زبان کے مشہور شاعر امیر حمزہ خان شینواری کی 27ویں برسی کے موقع  پرمشاعرہ کا انعقاد

247

پشاور، 18فروری(اے پی پی): ضلع خیبر لنڈی کوتل میں محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا حکام اور لنڈی کوتل خیبر پختو ادبی جرگہ کے زیر اہتمام پشتو زبان کے نامور شاعر امیر حمزہ خان شینواری مرحوم کی 27ویں برسی کے موقع پر سیمینار اور مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا  ، امیر حمزہ خان شینواری مرحوم کی ستائیس ویں برسی کے موقع پر شعراء نے ان کی زندگی پر غزل اور اشعار پیش کئے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اسلم تاثیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر حمزہ خان شینواری ایک عظیم شاعر اور شخصیت تھے جن کو پشتو زبان کے غزل اور شاعری میں اعلیٰ مقام حاصل تھا ۔اس  کے علاوہ  انہوں  نے ملکی اور غیر ملکی سطح پر بھی  بڑا مقام حاصل کیا تھا جس کی خدمات کو ملک کے تمام شعراء قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر دیگر شعراء اور شرکاء نے  حکومت سے مطالبہ کیا کہ پشتو زبان کے مشہور شاعر امیر حمزہ خان شینواری کے مزار میں قائم لائبریری کے لئے سٹاف مقرر کیا جائے  اور ان کے مزار کے لئے آئے ہوئے زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

تقریب  کے اختتام  پر بابائے غزل امیر حمزہ خان شینواری مرحوم کے بھتیجے فیصل خان  شینواری نے محکمہ ثقافت خیبر پختونخوا حکام اور برسی میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔