افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کے امن و امان کیلئے ناگزیر ہے؛وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

62

اسلام آباد،25فروری  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جامع سیاسی مذاکرات کے ذریعے افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کا خواہاں ہے ،افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کے امن و امان کیلئے ناگزیر ہے۔

یہ بات انہوں نے نمائندہ خصوصی برائے افغان صدر محمد عمر داود زئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران افغان امن عمل ،بین الافغان مذاکرات ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے  افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ” بین الافغان” مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا انتہائی اہم ہے۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں تشدد کے اضافے پر گہری تشویش ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام فریقین تشدد میں کمی لاتے ہوئے  مذاکرات کو آگے بڑھانے میں اپنا  کردار ادا کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان سمیت پورے خطے کے امن و امان کیلئے ناگزیر ہے۔پاکستان  وزیر اعظم عمران خان اور افعان صدر کے مابین طے پانے والے جامع فریم ورک پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں   نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں بحالی  امن کے بعد افغانستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتا رہے گا۔

افغان صدر کے نمائندہ خصوصی محمد عمر دائودزئی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کی تعریف کی۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔