بیلجیم کے ادارے نے ہمارے قیمتی پتھروں کو دنیا میں سرٹیفائیڈ بنانے کیلئے یہاں لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ کیا ہے:  گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان

122

پشاور،10 فروری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا قیمتی پتھروں کے حوالے سے انتہائی استعداد کا حامل خطہ ہے اور وہ جیم سٹون انڈسٹری کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں جس کیلئے ہمارے جیم سٹون کا عالمی سطح پر سرٹیفائیڈ اور تصدیق شدہ ہونا لازمی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں قیمتی پتھروں کو عالمی سطح پر سرٹیفائیڈ اور تصدیق شدہ بنانے کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمد ادریس خان، سیکرٹری محکمہ معدنیات نذرحسین شاہ، ڈائریکٹر جیمزاینڈجیمالوجیکل انسٹی ٹیوٹ خالد عثمان کے علاوہ جیمالوسٹ اور PCSIR لیبارٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 اجلاس میں خیبرپختونخوا کے جیم سٹون (قیمتی پتھروں) کی عالمی معیار کے مطابق کٹنگ،پالشنگ اورعالمی سطح پر سرٹیفائیڈ و تصدیق شدہ بنانے اور اس شعبہ سے وابستہ افراد کی تربیت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھاکہ دنیامیں قیمتی پتھروں کو سرٹیفائیڈ بنانے سے متعلق عالمی شہرت کے حامل بیلجیم کے ادارے HRD نے ہمارے قیمتی پتھروں کو دنیا میں سرٹیفائیڈ تصدیق شدہ بنانے کیلئے یہاں لیبارٹری کے قیام کیلئے رضا مندی کا اظہار کیا ہے جوکہ اس شعبے سے وابستہ افراد کیلئے انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے اس موقع پر جیم سٹون انڈسٹری سے وابستہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں مضبوط،موثر رابطے اورباہمی مشاورت کے ساتھ ایک مشترکہ جامع پلان اور تجاویز سامنے لے آئیں تاکہ عالمی معیار کی لیبارٹری کے قیام کو حتمی شکل دی جا سکے۔

 گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک کے قیمتی پتھرعالمی معیارکے مطابق کٹنگ،  پالشنگ اور سرٹیفائیڈ نہ ہونے کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچان نہیں رکھتے ہیں جبکہ پاکستان میں تمام اقسام کے قیمتی پتھرپائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم اپنے قیمتی پتھروں کو عالمی سطح پرسرٹیفائیڈ (تصدیق شدہ) بنانے میں کامیاب ہوگئے تو اس صوبہ اور اس شعبہ سے وابستہ افراد کی تقدیر بدل جائیگی۔