صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  کی زیر صدارت منشیات کے استعمال کی روک تھام اور ذہنی صحت سے متعلق  اجلاس

92

اسلام آباد۔10فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے  اس لعنت کا خاتمہ اولین ترجیح ہونی چاہئے، اس سلسلہ میں شعور پیدا کرنے کیلئے قومی رابطہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ بدھ کو یہاں منشیات کے استعمال کی روک تھام اور ذہنی صحت سے متعلق  اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ امور عندلیب عباس، رکن قومی اسمبلی ساجدہ ذوالفقار خان اور فلاحی تنظیموں کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان میں منشیات کے پھیلائو کی صورتحال اور اس سے نوجوانوں بالخصوص کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا کی جسماجی و ذہنی صحت کو لاحق خطرات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت نے منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے رضاکاروں، اساتذہ، والدین اور متعلقہ دیگر شراکت داروں کی مدد سے بنیادی فریم ورک تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور تعلیمی ادارے منشیات سے بچائو اور ذہنی صحت کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کیلئے معاشرے خصوصاً والدین اور اساتذہ کا کردار بھی بہت اہم ہے۔