جلالپورپیروالا،05 فروری(اے پی پی ): اسسٹنٹ کمشنر جلالپورپیروالا مدثر ممتاز کی قیادت میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ،جس میں تمام مکتبہ فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ،ہر طرف سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے اور فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی ۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ عالمی برادری نہتے کشمیریوں پر بھارتی بربریت اور مظالم کا نوٹس لے، بھارت میں آر ایس ایس کی شکل میں دہشت گرد اقتدار پر قابض ہیں جو سارے خطے میں دہشت گردی کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ریلی میونسپل کمیٹی سے شروع ہوکر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی چوک فوارہ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری جھنڈے پکڑ کر کشمیر کی آزادی کے نعرے لگائے ۔
ریلی میں تمام سرکاری اداروں کے سربراہان سمیت تمام مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی ۔