حادثا ت میں کمی لانے کی ذمہ داری ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کے کندھوں پر عائد ہوتی ہے؛ آئی جی  جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ   ظفر اقبال اعوان

110

ملتان، 27 فروری )اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ   ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور لاپروائی کے باعث سالانہ  ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے اس خطرناک شرح کو کم کرنے کی بھاری ذمہ داری ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کے کندھوں پر عائد ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ٹریفک پولیس آفس کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کو ٹریفک آفس پہنچنے پر بھرپور گارڈ آف آنر دیا گیا جبکہ سی پی او محبوب رشید میاں اور سی ٹی او ظفر بزدار نے ایڈیشنل ائی جی کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور لائیو پروگرام میں شرکت کرکے آن ائیر آگاہی پیغام بھی دیا ۔ایڈیشنل آئی جی ظفر اقبال اعوان نے سی پی او محبوب رشید میاں کے ہمراہ  ٹریفک آفس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے ریڈیو پروگرام اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع میں ٹریفک کے حوالے سے شعور دینے کیلئے ماڈل روڈز مختص کی جائیں گی جن پر سفر کرنے والے ہر خاص و عام کو  تمام ٹریفک قوانین پر 100 فی صد عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں  نے  کہا کہ  موٹر وے پولیس،این ایچ اے،ہائی وے پٹرولنگ سمیت پنجاب پولیس کی مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے زیادہ حادثات کی موجب روڈز کی انجنئیرنگ بہتر کرنے کی بھی حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ ٹریفک مسائل کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کے تعاون سے موثر پلان کے ذریعے روڈ انجنئیرنگ پر خصوصی فوکس ہے۔ٹریفک پولیس کو کچہری سمیت گنجان آباد علاقوں کی شاہراؤں پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں  نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے موٹر وے،پی ایچ پی اور ٹریفک پولیس مشترکہ لائحہ عمل تیار کرکے اپنی سفارشات پیش کرے جس پر قانون سازی عمل میں لانے کیلئے حکومت کو درخواست کی جائے گئی۔انہوں  نے واضح کیا کہ شہریوں کوں جرمانوں کی بھرمار کے بجائے ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور دینا ترجیح ہے ۔

سی پی او محبوب رشید میاں نے امن و امان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان میں جرائم کنٹرول کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر عمل پیرا ہیں ،تاجر برادری کے تعاون سے مارکیٹس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور اضافی نفری بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ سٹریٹ کرائم کو مکمل روکا جاسکے۔

سی ٹی او نے صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کچہری  پارکنگ کی متبادل اراضی کے طور پر سابق اینٹی کرپشن کورٹ کو مختص کیا گیا ہے جس سے کچہری چوک پر ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے لائسنس برانچ سمیت مخلتف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور بریفننگ لی۔