حکومت اور وزیراعظم عمران خان آئینی مدت کا آخری دن بھی پوراکریں گے: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور 

76

 لاہور،25فروری(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور  نے کہا ہے کہ2023   تک حکومت اور وزیراعظم عمران خان آئینی مدت کا آخری دن بھی پوراکریں گے۔ عام انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پرکام کا آغاز ہوچکا ہے،ملک میں شفاف انتخابات کے لیے حکومت نیک نیتی سے کام کررہی ہے ۔ عوامی فلاح و بہبود کے لیے موجود حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب  نے جمعرات  کو یہاں  اتحادی جماعت( ق) لیگ کے سیکرٹری جنرل وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں سیاسی سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ   سینٹ انتخابات کے لیے حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں، ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے اور اوپن بیلٹ سے سینٹ انتخابات میں ووٹ کو عزت ملے گی۔انہوں  نے  کہا  کہ 26مارچ کے بعد تاریخ کی تبدیلی کے علاوہ اور کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ مارچ 2021،مارچ 2022اور مارچ2023 میں بھی پی ڈی ایم ناکام ہی ہوگی۔

 چوہدری محمد سرور  نے کہا کہ  ضد کی سیاست خود اپوزیشن کے لیے خطرہ بن چکی ہے،پی ڈی ایم 2023 تک حکومت کےخلاف منصوبے بناتی رہے گی۔

 اس موقع پر طارق بشیر چیمہ  نے کہا  کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، ملکی مفاد میں اپوزیشن کو بھی اپنا  مثبت کردار اداکرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ سینٹ انتخابات میں بھی حکومت اور ہم کامیاب ہونگے۔