اسلام آباد,25فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت تنخواہ دار اورعام آدمی کو چھت فراہم کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضے دے رہی ہے،اسلام آباد سے جلد پٹواری سسٹم ختم کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ حکومت عوام کیلئے کیا کر رہی ہے،ہم نے 50لاکھ گھر بنانے کی بات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک سے ڈیڑھ کروڑ گھروں کی قلت ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کیلئے اپنی رہائش ایک بڑا مسئلہ ہے۔اخبارات اور چینلز پر اس مسئلہ پر بات نہیں ہوتی،چینل اس لئے یہ مسئلہ نہیں اٹھاتے کیونکہ اس میں مصالحہ نہیں،ایک سیٹ کا نتیجہ آیا ہے دیکھ لیجئے گا شام کو کیا بحث ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار شخص گھر بنانا چاہتا ہے لیکن اس کے پاس وسائل نہیں،تین مرلے اور تین کنال کے گھر پر یکساں ٹیکس تھے،سب سے پہلے ٹیکس اصلاحات کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں غریب آدمی کو گھر کیلئے بینکوں سے قرض نہیں ملتا تھا،ہم نے پہلے 6 ماہ میں اس پر کام شروع کیا،نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی سے عام آدمی گھر بنا سکے گا،378 ارب روپے بینک قرضہ دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سے چند ماہ میں پٹواری سسٹم ختم کر رہے ہیں،لوگ پلاٹ لیتے ہیں تین سال بعد بتایا جاتا ہے این او سی کینسل ہو گیا،500 کنال کی زمین بلڈر 4000 کنال تک بیچ دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تمام تفصیلات سی ڈی اے کی ویب سائٹ پر موجود ہوں گی،لوگوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ کہاں سرمایہ لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ40 دن میں اسلام آباد میں 403 کمرشل منصوبے منظور کئے گئے،پنجاب نے 7 ماہ میں 700 سے زائد کمرشل منصوبے منظور ہوئے،کراچی میں چار ماہ میں 258 درخواستوں پر صرف 19 کی منظوری ہوئی۔