ذوالفقار علی بھٹو کا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان کی زرداری ٹولے نے دھجیاں بکھیر دیں ہیں: وفاقی وزیر اسد عمر

102

ٹنڈو محمد خان،27فروری(اے پی پی ):وفاقی وزیر پلاننگ و پیٹرولیم اسد عمر نے کہا کہ سندھ کا نام بیچ کر  اپنا امیج بڑھانے والوں نے سندھ کی عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، ذوالفقار علی بھٹو کا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان کی زرداری ٹولے نے دھجیاں بکھیر دیں ہیں، پاپا بچاؤ اور مولوی تحریک جلد ہی ناکام ہوجائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعید پور ٹکر ٹنڈو محمد خان میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں  نے  کہا کہ  ڈسکہ الیکشن میں ن لیگ نے 23 پولنگ نتیجے  کی بات کی، الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو وہ دیا جو انہوں نے مانگا ہی نہیں تھا، گورنر سندھ کہیں نہیں جارہے ہیں ان کی تبدیلی کی باتیں پارٹی رنجشوں کا نتیجہ ہے جو جلد ہی ختم ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان ملک کی عوام کے تکلیف کو بخوبی جانتے ہوے انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں، اندرون سندھ ترقیاتی کاموں کا جال پھیلانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اندرون سندھ کے خصوصی دورے کررہا ہوں، آئندہ چند ہفتوں میں عمران خان خود سندھ کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا اعلان کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ سندھ پر 13 سالوں سے حکومت کرنے والوں نے سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، ملک میں حکمرانوں کا طریقہ کار تبدیل ہو رہا ہے، موجودہ حکمرانوں نے اپنی ہی پارٹی کے نعرے کی دھجیاں بکھیرتے ہوے سندھ کی عوام سے روٹی کپڑا اور مکان تک چھین لیا، سندھ کے تمام ادارے کرپشن کی لپیٹ میں ہیں، اسکول بھینسوں کے باڑے بنا دیے ہیں، اسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسیں و ادویات تک نہیں ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ  خیبر پختونخواہ کی روایت ہے کہ وہ ہر بار چہرے تبدیل کرتے ہیں لیکن تحریک انصاف پر اعتماد کرکے ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا، پارٹی کی جانب سے گورنر سندھ کی تبدیلی کی باتیں پارٹی میں کھل کر اظہار خیال کا پیش خیمہ ہے، گورنر سندھ کہیں نہیں جارہے ہیں۔

اس موقع پر سندھ کے سابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، ایم پی اے سدرہ عمران سمیت دیگر بھی ہمراہ تھے۔