لاہور،11 فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی قانون کا 49 واں اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا، اجلاس میں بہبود ایسوسی ایشن چمبہ ہاؤس لاہور کو نزول لینڈ لیز پر دینے کی تجویز سمیت پنجاب سٹیمپ ایکٹ 1899 ء میں متعدد ترامیم کی تجویز اور پنجاب بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی میں بھرتی کے لیے قد اور چھاتی کی پیمائش میں رعایت دینے کی تجویز بھی منظور کی گئی۔
اس کے علاوہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو محکمہ ہاؤسنگ کے ماتحت دینے کی تجویز منظور ہوئی۔پنجاب کی بار ایسوسی ایشنز کو حکومتی امداد دینے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کا فریم ورک وزیر اعلیٰ سے منظور کرا کے لاگو کرنے کی تجویز سے اتفاق بھی کیا گیا۔
پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2003 ء میں بورڈ آف مینجمنٹ کے حوالے سے مجوزہ ترامیم ملتوی کر دی گئی۔سرکاری ہسپتالوں کے سربراہان کے چناؤکے لیے سیلیکٹ کمیٹی کے رولز میں مجوزہ ترامیم بھی مزید غوروخوض کے لیے ملتوی کر دی گئی۔پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 ء میں کنسلٹنسی کے لیے اشتہار کی شرط ختم کرنے کی ترمیم ملتوی کی گئی۔پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ میں نئے ارکان کی شمولیت کی تجویز بھی مزید غوروخوض کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔











