اسلام آباد،11فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے منڈیوں کے قیام کے حوالے سے قوانین اور طریقہ کار کو آسان بنانےاورانتظامیہ کو اشیائے ضروریہ کے مقرر کردہ نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے ،افسران کو غریبوں کی تکالیف کا احساس کرنا ہوگا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کسان (پھل اور سبزی) منڈیوں کی تعداد میں اضافے اور گندم سے آٹے کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گندم سے آٹے کی پیدا وار میں اضافے کے لئے فلور ملوں میں پسائی کا تناسب 80:20 کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ،اورسرکاری سطح پر گندم کی خریداری، ترسیل و سٹوریج کے ضمن میں انتظامی اخراجات میں کمی لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعظم نےوزیرِ خزانہ کو اس حوالے سے ایک ہفتے میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی،اس کے علاوہ پھل اور سبزی منڈیوں کے قیام میں نجی شعبے کو شامل کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں پنجاب میں منڈیوں کے قیام سے متعلقہ قوانین میں نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے منڈیوں کے قیام کے حوالے سے قوانین اور طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت کی ۔
اجلاس میں وفاقی و صوبائی وزرا، سیکرٹری صاحبان اور چیف سیکرٹری صاحبان سمیت سینئر افسران نے شرکت کی ۔











