عمران خان کا جیلانی پارک میں اربن فاریسٹ منصوبے کا افتتاح،آلودگی ختم کرنے کیلئے شجر کاری ناگزیر ہے۔ملک کا مستقبل لانگ ٹرم پلاننگ سے محفوظ ہوتا ہے: وزیراعظم عمران خان

115

لاہور ، 12 فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے سموگ کو خاموش قاتل  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں معاملے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے کے لیے شجر کاری ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے جیلانی پارک میں  اربن فاریسٹ منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں سموگ پر ریسرچ کی جا چکی ہے، یہ انسانی زندگی کیلئے بہت خطرناک ہے۔

انہوں نے ماضی میں باغوں کا شہر کہلانے والے شہر لاہور کی مثال دی جہاں آج آلودگی کی شرح انتہائی حد تک بڑھ چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں لاہور کا 70 فیصد گرین بیلٹ ختم کر دیا گیا جس سے آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ یہ فضائی آلودگی بزرگوں اور بچوں کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ  لاہور میں اربن فاریسٹ کیلئے 50 سائٹس کا انتخاب اور میاواکی اربن فاریسٹ زبردست اقدام ہے۔ لاہور کے لوگ چاہتے ہیں کہ یہاں ہریالی ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ اربن فاریسٹ کی 50 سائٹس گوگل کے ذریعے دکھائی جائیں اور اس بارے لوگوں کو بتایا جائے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہم زیتون کے جنگلات لگانے جا رہے ہیں۔ چند سال میں پاکستان زیتون درآمد کے بجائے برآمد کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومتیں 5 سال کی منصوبہ بندی کرتی ہیں حالانکہ ملک کا مستقبل لانگ ٹرم پلاننگ سے محفوظ ہوتا ہے۔ چین نے تمام شہروں کو گرین سٹی ڈکلیئر کر دیا ہے۔