قاہرہ میں مصر کی ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کی وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

198

قاہرہ، 16 فروری ( اےپی پی): قاہرہ میں مصر کی ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات  کی۔وزیر خارجہ نے بزنس کمیونٹی کے وفد کو حکومت پاکستان  کی کاروبار دوست پالیسیوں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی خصوصی مراعات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گھروں کی تعمیر، توانائی، صحت سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ مصری کمپنیاں ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے زریعے بہترین منافع کما سکتی ہیں ۔وفد میں شامل مصری کمپنیوں کے ذمہ داران نے صحت عامہ، توانائی اور  گھروں کے تعمیر کے منصوبے میں بھاری  سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی سطح پر کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری، عالمی برادری کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔وزیرِ خارجہ نے مصری کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے بردارانہ تعلقات کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں ۔حکومت مصر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو ملک میں کاروبار سے متعلق ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ وہ منافع بخش کاروبار ی سرگرمیاں سر انجام دے سکیں۔

مصری کاروباری شخصیات کے وفد نے، حکومت پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا