ملتان؛انٹرنیشنل بلوچستان اسکواش لیگ کو یادگار بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک

202

ملتان، 13فروری(اے پی پی):انٹرنیشنل بلوچستان اسکواش لیگ کو یادگار بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے جب کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ پر واقع دمدمہ کی تزئین و آرائش آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اس کے علاوہ دمدمہ کے ساتھ واقع سبزہ زار میں بلیو پاٹری کی نمائش کا پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

دوسری طرف ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا سپیشل صفائی سکواڈ بھی اسکواش کورٹ جانیوالے روٹ کی صفائی کے لئے کوشاں ہیں۔

 اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے دمدمہ کا دورہ  کیا اور انہوں نے عملہ کو کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

 ڈپٹی کمشنر عامر خٹک  کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئےاسکواش کورٹ میں کٹ پہن کر اترے  اور سکواش کے قومی کھلاڑی کے ساتھ نمائشی میچ   کھیلا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے  چئیرمین پرنس آغا عمرزئی کے ہمراہ کھلاڑیوں میں بی آئی ایس ایل کی شرٹس بھی تقسیم کیں۔

ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کی میزبانی ملتان کے باسیوں کے لئے اعزاز ہے، اب اسکواش کے انٹرنیشنل پلئیرز کی ملتان آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،آنے والے مہمان شہر اولیاء کی میزبانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسکواش ایونٹ سے مقامی سطح کے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا،اس سپورٹس ایونٹ سے ملتان کی ثقافت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

عامر خٹک نے کہا کہ ملتان میں جشن بہاراں کے موقع پر سپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا،سپورٹس گالا میں نیزہ بازی کا مقابلہ بھی شامل ہوگا۔