جیکب آباد؛ سپریم کورٹ کے احکامات پر سرکاری املاک پر کیے گئے قبضوں  کیخلاف کارروائی جاری

114

جیکب آباد،13فروری(اے پی پی):  اسسٹنٹ کمشنر شہزاد احمد نے  پولیس کی بھاری نفری اور محکمہ بلدیہ کے ملازمین سمیت ہیوی مشینری کے ساتھ شہر بھر میں سرکاری املاک پر قبضہ کے خاتمے کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے، کارروائی ڈی سی آفس کے گیٹ سے  شروع کی گئی جس میں پریس کلب جیکب آباد کی کچھ اراضی اور دوکانوں کو مسمار کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر شہزاد احمد نے میڈیا کو بتایا کے قبضوں کی نشاندھی ایک سال پہلے کر چکے تھے سب کو نوٹس بھی جاری کردیے گئے تھے تاحال قبضا مافیا نے سرکاری املاک پر سے قبضے ختم نہیں کیے،ہمارے ساتھ تعاون کیا جائے اور سرکاری کام میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور سرکار کو اپنا کام کرنے دیں،کسی سے بھی رعایت نہیں کی جائے گی،بلاتفریک آپریشن کیا جا رہا ہے۔

 تحصیل ٹھل میں بھی اسسٹنٹ کمشنر عبدالستار بھیو کی سربراہی میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے جبکہ تحصیل ہسپتال ٹھل میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،ڈاکٹرسمیت نرسنگ اسٹاف کو بھی ہائے الرٹ کردیا گیا اور آپریشن کی جگہ پر دو ایمبولینسوں کا بھی انتظام کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ  کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالحفیظ سیال نے شھر بھر میں سرکاری املاک پر کیے گئے قبضوں کو ختم کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر  شہزاد احمد کو احکامات جاری کیے تھے۔