ملتان؛ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا “عوامی رابطہ فورم” کا آغاز،سیاسی اور سماجی شخصیات نے اپنے علاقے کے مسائل کی نشاندہی کی

74

ملتان، 5فروری(اے پی پی):ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے “عوامی رابطہ فورم”کے نام پر نئی روایات کا آغاز کردیا ہے۔کمپنی ہیڈآفس میں قائم عوامی رابطہ فورم میں سماجی اور سیاسی شخصیات کی آمد، پی ٹی آئی سٹی کے صدر عدنان ڈوگر،بابر شاہ ،شہباز قریشی اور وہاب خان بھی ہمراہ تھے۔

 ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور سماجی شخصیات نے اپنے ایریاز کے مسائل کی نشاندہی کی، کمپنی نے تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے300 سینٹری ورکرز کی خدمات حاصل کر لی ہیں اور  190 نئے ورکرز کو یونین کونسلوں میں بھیجا جارہا ہے۔

 فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ 60 ورکرز ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ کام کریں گے،50 ورکرز پر مشتمل سیپشل صفائی سکواڈ بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا سپیشل صفائی سکواڈ کی مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر  ڈیوٹی لگائی جائے گی، محدود ہیومن ریسورس اور مشینری کے مقابلے میں شہر کی حدود بڑھ گئی ہیں۔

 ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا نئی افرادی قوت اور مشینری آنے سے کمپنی کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا، تین ماہ کے عرصہ میں صفائی کے حوالے سے شہر کا نقشہ بدل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون اور رہنمائی کے بغیر شہر کو صاف ستھرا نہیں رکھا جا سکتا ، عوامی رابطہ فورم کا مقصد شہریوں کی صفائی بارے آراء سے مسائل کو حل کرنا ہے۔

صدر پی ٹی آئی سٹی عدنان ڈوگر  نے کہا کہ سیاسی قیادت عوام کو جوابدہ ہے اور

ووٹر سیاسی قیادت کا سب سے بڑا محتسب ہے،سیاسی ورکرز  بلدیاتی الیکشن میں اترنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا سیوریج اور صفائی شہریوں کے دو اہم ایشوز ہیں، سیاسی ورکرز کی خواہش ہے کہ سیوریج اور صفائی کے تمام مسائل حل کئے جائیں، کمپنی میں نئے ایم ڈی کے آنے سے شہر میں صفائی کی بہتری کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔

 عدنان ڈوگر نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، ایک ماہ بعد عوامی رابطہ فورم میں دوبارہ بیٹھک لگے گی۔