ملتان ؛ سپورٹس گالا اور جش بہاراں کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی

99

ملتان، 27فروری(اے پی پی ): سپورٹس گالا اور جش بہاراں کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو  گئی ہیں ۔ فیسٹیول میں پھولوں،خوشبووں اور روشنیوں کے سارے رنگ سجیں گے اور تمام محکموں کو فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لئے ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں۔

 اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی، فیسٹیول کی فوکل پرسن سبین گل کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق ڈوگر اور چیف ٹریفک آفیسر ایس پی ظفر بزدار  بھی خصوصی شریک ہوئے جبکہ  پی ایچ اے،سپورٹس، ایم ڈی اے اور ایم ڈبلیو ایم سی کے افسران سمیت  سوشل ویلفئیر،آرٹس کونسل،بہاالدین زکریا یونیورسٹی اور دیگر محکموں کے افسران بھی  شریک ہوئے۔

ایم پی اے سبین گل نے کہا کہ تھیٹر، تقافتی میلہ اور میوزیکل پروگرام فیسٹیول کا حصہ ہونگے اور پورے شہر میں جھومر پارٹی کے ہمراہ  عوامی بگھی چلے گی۔انہوں نے کہا کہ مشاعرہ میں ملتان،بہالپور،ڈی جی خان اور ڈی آئی خان سے تعلق رکھنے شاعر شرکت کریں گے اور مرد اور خواتین کے علیحدہ علیحدہ کرکٹ میچ ہونگے۔

 سبین گل نے کہا کہ خواتین اور مردوں کے الگ الگ رسہ کشی کے مقابلے بھی منعقد ہونگے،مینا بازار لگے گا اور شہر کے چوکوں اور چوراہوں کو سجایا جائے  گا۔

 اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی نے کہا فیسٹیول کے لئے قلعہ کہنہ قاسم باغ کا انتخاب کیا گیا ہے اور سپورٹس کے مقابلےپانچ  مارچ کو شروع ہو جائیں گے۔انہوں  نے کہا کہ منی میرا تھون ریس کا دلچسپ مقابلہ فیسٹیول کا حصہ ہو گا۔ قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ  ریس ایمرسن کالج سے شروع ہو کر سپورٹس گراونڈ پل موج دریا پر اختتام پذیر ہو گی۔

 سی ٹی او ظفر بزدار نے کہا کہ  ٹی ٹوئنٹی کرکٹ  میچ میں ٹریفک پولیس اور  میڈیا کی ٹیمیں ٹکرائیں گی،ٹریفک پولیس اور  وکلاء کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بھی میدان  لگے گا۔انہوں  نے کہا ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو کے ذریعے شہریوں کو فیسٹیول بارے ہمہ وقت آگاہ رکھے گی اور ٹریفک پولیس فیسٹیول کے موقع پر منظم ٹریفک پلان تشکیل دے گی ۔

 ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق ڈوگر نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گا۔