نوشہرہ ورکاں؛قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری، 4500 سو کنال سرکاری زمین واگزار کروالی گئی

96

نوشہرہ ورکاں،15فروری(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر  ضلع گوجرانوالہ میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری، اب تک 4500 سو کنال سرکاری زمین واگزار کروالی گئی ہے اور قبضہ گروپ مافیا سے زیر قبضہ عرصہ کا ساڑھے بارہ کروڑ سے زائد لگان بھی وصول کیا جائے گا، جس کے نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر راشد اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دیہات میں جوھڑوں کی جگہ قبضہ گروپوں سے واگزار کرا کر ڈرینج سسٹم کو فعال بنانے کے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے اور نوشہرہ ورکاں کی مرکزی شاہراؤں پر موجود بارہ دیہات کے مین راستوں پر ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا عمل جاری ہے  اور اس کو برقرار رکھنے کے لیے کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔

انہوں نے  بتایا کہ قبضہ مافیا کے خلاف خصوصی مہم بلا تعطل جاری ہے اور ناجائز قابضین سے سرکاری رقبہ واگزار کروایا جائے گا، قبضہ گروپ سے تمام سرکاری زمین واگزار ہونے تک آپریشن جاری رہے گا اس سلسلہ میں کوئی دباؤ بردارشت نہیں کیا جائیگا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ قبضہ گروپوں سے قبضہ واگزار کروانے کے بعد ان سے زیر قبضہ عرصہ کا لگان بھی وصول کیاجائے گا عوام الناس بھی اپنے ارد گردنگاہ رکھیں  اور سرکاری اراضی پر قبضہ کی صورت میں  اے سی آفس میں اطلاع کریں۔